ساہیوال(حسن بخاری سے )یونیورسٹی آف ساہیوال اور ساہیوال آرٹس کونسل نے معروف شاعر ،ڈرامہ نگار،اور اینکر پرسن وصی شاہ کے ساتھ ایک خوبصورت نشست کا اہتمام کیا۔اس شعر و ادب سے جڑی شام میں کمشنر ساہیوال محمد احسن وحید مہمان خصوصی تھے آر پی او ساہیوال ہمایوں بشیر تارڑ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصر افضل ،ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر انفارمیشن محمد عقیل اشفاق،معززین شہر، اساتذہ اور طلباءو طالبات کی ایک بڑی تعداد نے “ایک شام وصی شاہ کے نام ” سے منسوب پروگرام میں شرکت کی۔ معروف شاعر سید وصی شاہ نے اپنے خوبصورت کلام پیش کرنے سے پہلے ادب کی دنیا میں ساہیوال کی سرزمین کی پہچان معروف شاعر مجید امجد کو خراج تحسین بھی پیش کیا اور یونیورسٹی آف ساہیوال میں مجید امجد لٹریری سوسائٹی کے قیام کوسراہا۔طلباء و طالبات وصی شاہ کے کلام سے محظوظ ہوئے اور ان کی شاعری پر دل کھول کر داد دیتے رہے۔طلبا و طالبات کی فرمائش پر بھی وصی شاہ نے اپنا کلام سنایا خاص طور پر جب مشہور زمانہ نظم “کنگن” سنائی تو مشاعرے کا ماحول روشن ہو گیا ۔ اس شام کی نظامت کے فرائض آمنہ ریاض نے سر انجام دیے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں کمشنر محمد احسن وحید نے ساہیوال یونیورسٹی کی ہم نصابی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ڈیجیٹل دنیا کی دوڑ میں کتاب اور ادب کی اہمیت کو اجاگر کرنا یقیناً وائس چانسلر کا ایک احسن اقدام ہے جسے جاری رہنا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصر افضل نے وسی شاہ اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔