کراچی :ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ملزم انور مجید کی شوگر مل پر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا اور شوگر مل کے تمام دروازے بند کردیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب، ایف آئی اے اوررینجرز نے کھوسکی ٹاون میں منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ملزم انور مجید کی شوگرمل پرچھاپہ مارا،چھاپہ مار ٹیم کے ہمراہ سندھ بینک کا عملہ بھی موجود ہے،نیب کی2 اوررینجرزکی7گاڑیاں شوگرمل پہنچیں۔ اس موقع پر ایف آئی اے نے شوگر مل کے داخلی و خارجی راستے بند کر دیئے،ایف آئی اے حکام نے کھوسکی شوگرمل کاریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ روز انور مجید کی شوگر ملوں کو نوٹس جاری کیا تھا جس میں ملز کا ریکارڈ فراہم کرنے کیلئے کہا گیا تھا کوئی جواب نہ ملنے پر ایف آئی اے کی ٹیم نے آج کارروائی کرکے اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔