کراچی: (نامہ نگار) سندھ کے نومنتخب وزیراعلی مراد علی شاہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پولیس کے دستے نے سلامی دی، وہ وزارت اعلی کا حلف اٹھانے کے بعد آج وزیراعلی ہاوس پہنچے تھے۔ مراد علی شاہ نے گزشتہ روز سندھ کے 33 ویں وزیراعلی کا حلف اٹھایا، سپیکر سندھ آغا سراج درانی نے ان سے حلف لیا۔ پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، خورشید شاہ، بختاور بھٹو زرداری، فریال تالپور، شیری رحمن اور ڈی جی رینجرز سندھ سمیت سیاسی و سماجی رہنماوں نے حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے دوران 97 ووٹ حاصل کئے تھے، جبکہ انکے مدمقابل شہریار مہر 61 ووٹ حاصل کر پائے۔ مراد علی شاہ گزشتہ روز حلف اٹھانے کے بعد آج وزیراعلی ہاوس پہنچے جہاں ان کا آئی جی سندھ سمیت دیگر افسران نے استقبال کیا، بعد ازاں ان کو گارڈ آف آنر پیش کیاگیا اور سندھ پولیس کے دستے نے سلامی دی۔