کابل: افغانستان کے صوبہ پروان میں نیٹو قافلے پر خود کش حملے میں 3 غیر ملکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ افغانستان میں نیٹو کے قافلے پر ایک کار سوار نے خود کش حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 3 غیر ملکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں 2 امریکی اور 2 افغانی سپاہی شامل ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جمہوریہ چیک کی حکومت نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک فوجیوں کا تعلق ان کے ملک سے تھا۔پروان کے گورنر کی ترجمان واحدہ شاہکار نے بتایا کہ ایک تیز رفتار کار صبح 6 بجے نیٹو قافلے کے درمیان آکر زور دار دھماکے سے تباہ ہوگئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقہ کا محاصرہ کرکے دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے۔